• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی، انگلس کا جوش انگلش ٹیم کے ارمان بہا لے گیا، فتح گر سنچری، آسٹریلیا کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ریکارڈ بنتے اور ٹوٹتے رہے۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے میچ میں بولرز رنز کا سیلاب روکنے میں ناکام رہے۔ ہفتے کی شب لاہور میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کئی بیٹنگ ریکارڈ توڑنے والی انگلش ٹیم بڑے اسکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔ ون ڈے کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے چیمپئنز کے انداز میں میچ چھ وکٹ سے جیت لیا۔ بین ڈکٹ کی165 کی تاریخ ساز اننگز رائیگاں گئی۔ جوش انگلس نے ناقابل شکست سنچری نے بازی پلٹ دی۔ یہ آئی سی سی ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے بڑے اسکور کا کامیاب تعاقب ہے۔ آسٹریلیا نے اسکور15 گیندیں پہلے بنالیا۔ جوش انگلس نے 120رنز86 گیندوں پرچھ چوکوں اور8 چوکوں کی مدد سے بنائے۔ گلین میکس ویل15 گیندوں پر32 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ بین ڈکٹ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انفرادی اننگز کا 21 سالہ پرانا رکارڈ توڑ دیا۔ انگلینڈ نے آئی سی سی ٹورنامنٹ میں سب سے بڑ اسکور بنادیا لیکن جوش انگلس کی پہلی ون ڈے سنچری انگلش ٹیم کے ارمان بہا لے گئی ۔ بین ڈکٹ نے 3 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 165رنز کی ریکارڈ اننگز کھیلی ۔ اس قبل نیوزی لینڈ کے نیتھن ایسٹل نے 2004 کی چیمپئنز ٹرافی میں امریکا جب کہ زمبابوے کے اینڈی فلاور نے 2002 میں بھارت کے خلاف 145،145 رنزبنائے تھے۔ ہفتے کو انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹ پر 351 رنز بنائے۔ جو روٹ 68، کپتان جوس بٹلر23، جیمی اسمتھ 15، لیام لونگسٹن 14، فل سالٹ 10، برائڈن کارس 8 اور ہیری بروک 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جوفرا آرچر 21 اور عادل راشد 1 رن پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ آسٹریلیا کے بین ڈوارہوس نے 3 جبکہ ایڈم زیمپا اور مارنس لبوشین نے 2، 2 اور گلین میکسویل نے 1 وکٹ حاصل کی ۔جواب میں آسٹریلوی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا۔ ٹریوس ہیڈ6 اور اسٹیو اسمتھ پانچ رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ اوپنر میتھیو شارٹ نے66 گیندوں پر63 رنز 9 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے۔ مارنوس لیبوشین نے45 گیندوں پر47 اورایلکس کیری نے63 گیندوں پر69 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 8چوکے شامل تھے۔ ایلکس کیری اورجوش انگلس نے پانچویں وکٹ کی شراکت پر116گیندوں 146رنز بنائے۔چیمپئنز ٹرافی میں پہلی بار کسی ٹیم نے 350 رنز کا ہندسہ عبور کیا ۔ اس سے پہلے، نیوزی لینڈ نے 2004 میں امریکا کیخلاف 347 جب کہ پاکستان نے 2017 چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کیخلاف 338 رنز بنائے تھے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر یہ ریکارڈ بالترتیب بھارت اور انگلینڈ کے پاس ہے ۔

اسپورٹس سے مزید