• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا نے منجمد فنڈز سے پاکستان کیلئے 397 ملین ڈالر جاری کر دیئے

کراچی (نیوز ڈیسک) ٹرمپ انتظامیہ نے غیر ملکی امداد کے منجمد فنڈز میں سے پاکستان سے متعلق پروگراموں کے لئے 397 ملین ڈالر سمیت 5.3 ارب ڈالر جاری کر دیئے ہیں۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے 5.3 ارب ڈالر کی منجمد شدہ غیر ملکی امداد میں سے زیادہ تر سکیورٹی اور انسداد منشیات پروگراموں کے لئے فنڈز جاری کیے ہیں جبکہ انسانی ہمدردی کی امداد کے لیے محدود فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ امریکی کانگریس کے ایک عہدیدار کے مطابق پاکستان میں امریکی حمایت یافتہ پروگراموں کے لئے 397 ملین ڈالرز مختص کئے گئے ہیں۔ یہ فنڈز خاص طور پر ایف-16 طیاروں کے استعمال کی نگرانی سے متعلق ہیں۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق یو ایس ایڈ کے پروگراموں کے لئے 100 ملین ڈالر سے کم فنڈز جاری کئے گئے ہیں جبکہ ریڈ کراس کے لیے علیحدہ سے 56 ملین ڈالر فراہم کئے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد غیر ملکی امداد روکنے کا حکم دیا تھا، تاہم اب یہ فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید