• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیوی ٹریفک کو شاہراہ پاکستان سے ناردرن بائی پاس منتقل کیا جائے، منعم ظفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ہیوی ٹریفک شاہراہ پاکستان سے ناردرن بائی پاس منتقل کیا جائے، ٹول ٹیکس میں کمی ، مقررہ اوقا ت پر عملدرآمد کرایا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفد کے ہمراہ ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پیر محمد شاہ سے ملاقات کرکے ہیوی ٹریفک کے مقررہ اوقات ِ کار کے بر خلاف شہر میں داخلے، ڈمپرزاور ٹینکرز کی ٹکر سمیت دیگر حادثات میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی اموات اور بے ہنگم ٹریفک سے پیدا شدہ مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال ، جماعت اسلامی کے موقف و مطالبات کا اعادہ کیا اور شہریوں کی اموات پر گہری تشویش و افسوس اور ٹریفک پولیس کی ناقص کارکردگی کو بہترکرنے پر زور دیا، منعم ظفر خان نے رواں سال صرف ڈیڑھ ماہ کے دوران ہوئے ٹریفک حادثات اور ان میں شہریوں کی اموات و زخمیوں کی تعداد کے بارے میں بتایا کہ اب تک 115اموات اور1500 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں اور ہیوی ٹریفک اپنے مقررکردہ اوقات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہر کی سڑکوں پر نظر آتا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت کے عدالتی حکم کے مطابق رات 11بجے سے صبح 6بجے تک مقررہ اوقا ت پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، شہر بھر کی شاہراؤں پر بے ہنگم ٹریفک، ٹریفک جام کی روک تھام اور ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائی جائے اور ٹریفک پولیس اپنی ذمہ داری پوری کرے، ہیوی ٹریفک کو شاہراہ پاکستان سے منتقل کر کے ناردرن بائی پاس پر لے جایا جائے ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید