کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں مسئلہ فلسطین اور جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر عالم اسلام کے ترجیحی مسائل ہیں اب بھی وقت ہے کہ امت مسلمہ چھوٹے چھوٹے مفادات و اختلافات بھلا کر عظیم مقصد اور امت کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے متحد ہو جو نہ صرف وقت کی ضرورت بلکہ آنیوالی نسلوں کے لیے رہنما اصول بھی فراہم کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالم اسلام کی ممتاز علمی و بین الاقوامی شخصیات آیت العظمیٰ سید سعید الحکیم کے فرزند و دوست اسلامی ملک عراق کی ممتاز شخصیت آیت اللہ عزالدین الحکیم اور ایران سے ممتاز عالم دین معروف اسکالر آیت اللہ دری نجف آبادی کے وفود سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کیا، ملاقات میں پاک ایران،پاک عراق سماجی،ثقافتی ومذہبی تعلقات کیساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ عالم اسلام کودرپیش مشکلات اور اتحاد امت کے بین الاقوامی موضو ع بھی زیر غور آئے۔