کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکز رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا دل ہے مگر پی پی پی نے کراچی کو کرچی کرچی کر دیا ہے،پی پی سندھ کے عوام پر ظلم کر رہی ہے، سندھ میں امن امان کی صورتحال انہتائی خراب ہے کچے کے ڈاکوئوں سمیت کراچی میں اسٹریٹ کرامز کی وجہ یہی غیر منتخب لوگ ہیں جو اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، سلمان اکرم راجا نے کہا سندھ میں ہاریوں کا پانی چھینا جارہا ہے سندھ میں پانی کا مسئلہ ہویا امن امان کا پی ٹی آئی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم سندھ میں عوام کی آواز بننے آئے ہیں، لطیف کھوسہ نے کہا کہ حکمرانوں نے آئین کو کاغذ کا پرزہ بنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے مرزا قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ،سابق اسپیکر قومی اسمبلی و مرکزی رہنما اسد قیصر، سردار لطیف کھوسہ، سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مسرور سیال، کراچی کے صدر راجا اظہر، سابق ایم این اے فہیم خان، سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شبیر قریشی، اراکین اسمبلی سجاد علی سومرو، چوہدری اویس، داوا خان صابر، سمیت دیگر رہنمائوں و کارکنوں کے ہمراہ مزار قائد پر پہنچے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول رکھے۔ انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں کی گاڑیوں کو وی آئی پی گیٹ کے اندر سے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جس وجہ سے پی ٹی آئی کےمرکزی قائدین پیدل چل کر مزار قائد پہنچے اور حاضری۔بعدازاںمزار قائد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا عمران خان کی نمائندگی کرتے ہوئے آج مزار قائد پر حاضری دینے آئے ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح ہر لمحہ ایک مثال ہیں، ہمارے تمام سیاست انکے نظریہ کے تابع ہیں۔انہوں نے کہا ہم قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے نظریہ کے مطابق سیاست کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کراچی وہ شہر ہے جس نے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کی 22نشستیں جتوائی وہ نشستیں ہم سے چھینی گئی ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسد قیصر نے کہاکہ گزشتہ روز ہماری جی ڈی اے سے میٹنگ ہوئی ہے ہماری ورکنگ ریلیشن بن گئی ہے، کراچی کے عوام پی ٹی آئی سے محبت کرتی ہے عام انتخابات میں 22 قومی اور 44 صوبائی اسمبلی نشستیں پی ٹی آئی نے جیتیں۔ ہمارا مینڈیٹ چوری کر کے چوروں کو دیا گیا ہمارے نمائندوں کی جگہ چوروں کو ایوانوں میں بھٹایا گیا ہے ان چوروں کے پاس عوام کا کوئی مینڈیٹ ہیں ہے۔ پی ٹی آئی رہنما سردار لطیف کھوسہ کہا کہ اس وقت آئین کو کاغذ کا پرزہ بنا کر رکھ دیا ہے، ملک میں حکمرانی کرنے کا حق صرف عوام کو حاصل ہے، اگراس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو آئین کے مطابق کام کرنا ہوگا تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کے مسائل پر سنجیدہ ہے سندھ کا پانی چوری کیا جارہا ہے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے 17 سالوں میں پیپلزپارٹی نے سندھ کو تباہ و برباد کر دیا ہے، تعلیم صحت یہاں عوام کو میسر نہیں ہے پیپلزپارٹی نے سندھ کے پانی کا سودا کر کے سندھ کو بنجر بنانے کی سازش کی ہوئی ہے سندھ کی عوام کواب نکلنا ہوگا۔