• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی، زدران کے 177، عمر زئی کے پانچ شکار، افغانستان کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ابراہیم زدران کے تاریخ ساز 177رنز اور عمر زئی کی پانچ وکٹوں کی بدولت افغانستان نے مضبوط انگلش ٹیم کو سنسنی خیز ڈرامے کے بعد 8رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ اس شاندار جیت کے بعد افغانستان نے سیمی فائنل کیلئے امکانات کو روشن رکھا۔ بدھ کی شب قذافی اسٹیڈیم میں افغان ٹیم کو تماشائیوں کی جانب سے زبردست سپورٹ ملی۔ جوروٹ کی فائٹنگ سنچری رائیگاں گئی۔ انگلش ٹیم ایک گیند پہلے317رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی نے 5، محمد نبی 2، فضل الحق فاروقی اور گلبدین نائب نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پلیئر آف دی میچ ابراہیم زدران رہے ۔ افغانستان اور آسٹریلیا کا جمعے کو لاہور میں اہم میچ کھیلا جائے گا ۔ انگلینڈ کی اننگز میں بین ڈکٹ خطرناک موڈ میں دکھائی دے رہے تھے۔ انہیں راشد خان نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔ڈکٹ نے45 گیندوں پر38رنز چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔ ہیری بروک نے21 گیندوں پر 25رنز اسکور کئے ۔ قبل ازیں افغانستان نے 7 وکٹ پر 325رنز بنائے۔ ابراہیم زدران نے146گیندوں پر چھ چھکے اور12چوکے لگاکر 177 رنز بنائے، وہ 50ویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ سابق پاکستانی کپتان یونس خان افغان بیٹنگ کی کارکردگی پر خوش دکھائی دیئے۔ افغانستان نے اننگز کا آغاز خراب تھا۔ چوتھے اوور میں اوپنر رحمٰن اللہ گرباز 6 صدیق اللہ اتل 4 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ رحمت شاہ صرف تین رنز بناسکے ۔ تینوں وکٹ جوفراآرچر نے لیے ۔ تاہم ابراہم زدران نے کپتان حشمت اللہ شاہدی کے ساتھ 103 رنز کی شراکت قائم کی۔ شاہدی 41 ،عظمت اللہ عمر زئی 41اور محمد نبی نے 24 گیندوں پر 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔دریں اثنا لاہورمیں افغانستان کے اوپنر ابراہیم زدران چیمپئنز ٹرافی میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔ گروپ بی کے میچ میں انہوں نے 146 گیندوں پر 12چوکے اور چھ چھکوں کی مدد سے 177 رنز بناکر نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل ان کا بہترین اسکور سری لنکا کیخلاف 162 تھا۔انہوں نے ناتھن ایسٹل، بین ڈکٹ، سارو گنگولی اور اینڈی فلاور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

اسپورٹس سے مزید