کراچی(اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے آخری راؤنڈ کے دوسرے دن ایس این جی پی ایل کے عابد علی نے بیٹ کیری کرتے ہوئے ڈبل سنچری اسکور کی۔ بدھ کو یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل پہلی اننگز میں 346 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عابدعلی 34 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 225 رنزپر ناٹ آئوٹ رہے ، انہوں نے محمد علی کے ساتھ نویں وکٹ کی شراکت میں 128 رنز جوڑے ۔ اسد رضا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ایشال ایسوسی ایٹس نے اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر116 رنز بنائے تھے۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں اوجی ڈی سی ایل 431 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ہائر ایجوکیشن نے کھیل ختم ہونے پر پہلی اننگز میں 6وکٹوں پر 231 رنز بنائے تھے۔ محمد محسن خان 99 ، علی حمزہ وسیم نے 59 رنز بنائے۔ مشتاق کلہوڑو اور سردار حسن رضا نے تین تین وکٹیں لیں ۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں واپڈا پہلی اننگز میں 132 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خرم شہزاد 4، عبید شاہ نے تین شکار کیے ۔ غنی گلاس دوسری اننگز میں 270 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔خالد عثمان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ واپڈا کو 425 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک نے کے آر ایل کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 364 رنز بنائے تھے۔ عاقب شاہ 12 چوکوں کی مدد سے 122 ،عرفان خان نیازی 4 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے 95 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں ۔