کراچی (اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے آخری راؤنڈ کے تیسرے دن غنی گلاس نے واپڈا کو 279 رنز سے شکست دے دی۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں واپڈا کو 425 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم صرف 145 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خرم شہزاد نے 40 رنز دے کر 6 اور میچ میں10 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں 395 کے ہدف کے جواب میں ہائر ایجوکیشن نے بغیر کسی نقصان کے 50 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل اوجی ڈی سی ایل نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 256 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔ عمیر ریاض 115 ، راجہ حمزہ وحید نے 87 رنز بنائے۔ ہائر ایجوکیشن کی ٹیم پہلی اننگز میں 293 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کے آر ایل کو 538 رنز کا ہدف ملا ۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے ایک وکٹ پر 100 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل اسٹیٹ بینک نے اپنی دوسری اننگز568 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ عاقب شاہ 189 ، عرفان خان نیازی 96 اور رمیز عزیز 68رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایشال ایسوسی ایٹس نے ایس این جی پی ایل کے خلاف فالوآن پر مجبور ہونے کے بعد دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 247 رنز بنائے تھے۔