کراچی (عبدالماجد بھٹی) سابق ٹیسٹ اسپنر مشتاق احمد کی جانب سے دو سابق کپتانوں وسیم اکرم اور وقار یونس کو قانونی نوٹس بھیجنے کی خبر مذاق اور ڈرامہ ثابت ہوئی ۔ جمعرات کو مشتاق احمد نے جنگ کو بتایا کہ میرا بیان مذاق تھا ۔ دونوں میرے بڑے بھائی ہیں، اللّٰہ نہ کرے میں اپنے بڑوں اور مینٹورز کے خلاف عدالتی کارروائی کا حصہ بنوں۔ خیال رہے کہ ایک دن پہلے یوٹیوب کے ایک شو کے دوران مشتاق احمد نے ویڈیو پیغام بھیجا جسے پروگرام کے دوران چلایا گیا۔ انہوں نے وقار یونس اور وسیم اکرم سے ان کے ماضی کے رویوں پر شکوہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جب ہم تینوں ٹیم کا حصہ ہوا کرتے تھے تو دونوں میرے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کرتے اور ہراساں کیا جاتا ، جس سے میرا اعتماد اور پرفارمنس متاثر ہوئی، وقار یونس کو 20 کروڑ اور وسیم اکرم کو 15 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج رہا ہوں، اب میں ان سے عدالت میں ملوں گا۔