اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے رشتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام مشترکہ مذہبی اور برادرانہ تعلقات سے جُڑے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے میں عمرہ زائرین کے اعزاز میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر عمرے کی سعادت حاصل کرنے والے زائرین میں اُن کی سفری دستاویزات تقسیم کیں۔ ہر سال کی طرح رواں برس بھی رمضان کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر پاکستان سے زائرین عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے جا رہے ہیں۔