راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) رمضان المبارک سے ایک روز قبل شہر وکینٹ کی سڑکوں پردن بھر ٹریفک کا اژدھام رہا،ہفتہ کوضلع بھر باالخصوص دیہی علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے خریداری کے لئے تجارتی مراکز راجہ بازار ،نرنکاری بازار،نمک منڈی ،چودھری بازار ، دالگراں بازار اور کینٹ کے بازاروں کارخ کیا۔ شہر کی مرکزی سڑک مری روڈ اور اس سے متصل لیاقت روڈ،اقبال روڈ ، سرکلر روڈ ،سٹی صدر روڈ، مریڑحسن ،راشد منہاس روڈ،گوالمنڈی روڈ، گنج منڈی روڈ،فوارہ چوک ،کشمیری بازار ،سکستھ روڈ،کمرشل مارکیٹ ،صدر بازار ،کشمیر روڈ آدم جی روڈ،حیدر روڈ ،،پنچ سڑکی پر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ٹریفک کے رش کی وجہ سے پیدل چلنا بھی دشوار ہوگیا ۔ کاروباری مراکزکے اردگرد کے علاقوں میں دن بھر ٹریفک سست روی کاشکار رہی ہے۔سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے راجہ بازار اور اردگردکے بازاروں میں آنے والے افراد کے لئے ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کی گئی جس میں کہاگیا کہ رمضان المبارک کی خریداری کے پیش نظر راجہ بازار اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ممکنہ رش سے بچنے کے لئے صارفین اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکل پارکنگ پلازہ میں پارک کریں،پارکنگ پلازہ میں گنجائش ختم ہونے کی صورت میں مرکزی شاہراؤں کی بجائے ٹریفک پولیس کی مختص شدہ جگہوں پر متوازی پارکنگ کریں۔سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک رش کو کنٹرول کرنے کے لئے16 سینئر ٹریفک وارڈنز سمیت 70 سے زیادہ افسران و اہلکاروں کو ٹریفک ڈیوٹی کے لئے تعینات کیاتھالیکن ٹریفک کے بہت زیادہ دباؤکی وجہ سے ہفتہ کو تمام دن ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔ادھر تاجر برادری کاکہنا ہے کہ راجہ بازار اور بنک روڈ پر ٹریفک فری کرنے اور مال روڈ انڈرپاس کے تعمیراتی کام کے دوران شہریوں کو ٹریفک کی سہولیات کی فراہمی میں اضافہ کیاجائے ،ضلعی انتظامیہ پارکنگ کے لئے مزید گنجائش نکالے اور سٹی ٹریفک پولیس کے عملے میں اضافہ کیاجائے۔تاجروں کاکہنا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے حتی الوسع تعاون کررہے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو بھی تاجروں کے جائزمطالبات تسلیم کرتے ہوئے تجارتی مراکزاور گردونواح کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔دریں اثناءٹریفک جام کی صورتحال رات گئے تک برقرار رہی۔