راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نےرمضان المبارک کے دوران گراں فروشوں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرنے کاحکم دے دیا۔رمضان المبارک کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے اجلاس میں ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے کہاکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گراں فروشوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہیں،اور عوام کو سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں ۔ سحری و افطار کے اوقات کار میں خصوصی انسپکشنز کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا، گراں فروشوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ شہر میں 17 مقامات پر فئیر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں۔ بعدازاں ڈی سی اسلام آبادنے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایچ نائن رمضان بازار کا دورہ کیا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈی سی نے پرائس لسٹوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہاکہ شہریوں کو مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والوں کے سٹالز کینسل کئے جائیں گے۔