• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، 80 فیصد سے زائد آئی ٹی ملازمین چکنائی والے جگر کی بیماری میں مبتلا

کراچی (نیوز ڈیسک) حیدرآباد یونیورسٹی کی ایک تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ بھارت میں 80فیصد سے زائد آئی ٹی ملازمین چکنائی والے جگر کی بیماری میں مبتلا ہیں۔ مطالعہ کے مطابق اس کے سروے کیے گئے84فیصد آئی ٹی ملازمین میٹابولک ڈسفنکشن سے منسلک چکنائی والے جگر کی بیماری (ایم اے ایف ایل ڈی) کا شکار ہیں، جو طویل وقت تک بیٹھنے، زیادہ کام کے دباؤ، غیر صحت بخش خوراک اور کم جسمانی سرگرمی سے جڑی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ تحقیق حیدرآباد میں کام کرنے والے 345 آئی ٹی ملازمین پر جولائی 2023 سے جولائی 2024 کے درمیان کی گئی۔ یہ تحقیق آئی ٹی سیکٹر سے منسلک غیر متحرک کام کے ماحول کے اثرات کو سمجھنے کے لیے کی گئی تھی۔ تحقیق میں انکشاف ہوا کہ طویل وقت تک ڈیسک پر بیٹھنا، کام کا دباؤ اور غیر متوازن نیند ایم اے ایف ایل ڈی میں مبتلا ہونے کا سبب بن سکتے ہیں۔ تحقیق میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ سروے کیے گئے 71 فیصد آئی ٹی ملازمین موٹاپے کا شکار تھے، جبکہ 34 فیصد کو میٹابولک سنڈروم تھا۔ یہ حالت موٹاپے، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر سے جڑی ہوئی ہے۔ آئی ٹی سیکٹر، جو بھارتی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، 5.4 ملین سے زائد افراد کو روزگار فراہم کرتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید