• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت میں مسلسل بہتری مستعد ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افراط زر میں مسلسل کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی شاندار کاوشوں کی بدولت معاشی اشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں معیشت میں مسلسل بہتری مستعد ٹیم ورک کا نتیجہ ہے‘میکرو اکنامک معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچنا شروع ہو گیا ‘قوی امید ہے کہ افراط زر میں مزید کمی ہو گی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت آج مہنگائی 9 سال 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے‘ہم نے ریاست کے لئے اپنی سیاست کی قربانی دی اور ملکی مفاد میں فیصلے کئے‘ پاکستان کے ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے آج خود انتشار کا شکار ہیں‘آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا معاشی بحالی کے سفر میں کردار قابل ستائش ہے‘ایک سال کے اندر ہم نے مختلف اہداف حاصل کئے‘وزیراعظم آج قوم کے سامنے حقائق پیش کریں گےاور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کریں گے ۔پیرکوجاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنا ایک سال پورا کر رہی ہے‘اس موقع پر یہ ایک انتہائی اچھی خبر ہے،یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ افراط زر فروری 2025 میں 1.5 فیصد پر آ گئی جو کہ ستمبر 2015کے بعد سب سے کم شرح افراط زر ہے‘ جولائی 2024سے فروری 2025 تک افراط زر کی اوسط 5.9 فیصد تک رہی جبکہ پچھلے مالی سال میں اسی عرصہ میں یہ اوسط 28 فیصد تھی ، یہ ایک نمایاں کمی ہے‘معیشت کی بہتری، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں‘عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔دوسری جانب پیر کو یہاں سرکاری ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ معیشت میں بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں‘عوام انتشار نہیں خوشحالی چاہتے ہیں‘پاکستان کے ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے آج خود انتشار کا شکار ہیں‘آج پوری قوم کے سامنے اپنی ایک سالہ کارکردگی رکھیں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ 4مارچ 2024ءکو مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت کو ایک سال مکمل ہو جائے گا‘ایک برس قبل بہت سے لوگوں نے شرطیں لگائیں کہ ملکی معیشت نہیں سنبھلے گی۔

اہم خبریں سے مزید