پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور میں اسلحہ نمائش سمیت مختلف جرائم میں پکڑا جانے والے تمام اسلحے کےلائسنس منسوخ کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے اور انہیں استعمال کرنے والوں کا اسلحہ لائسنس تاحیات ڈس کوالیفائی قراردینے کیلئے محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے ساتھ رابطہ کیاجائے گا، اس ضمن میں لسٹوں کی تیاری پر کام شروع کردیاگیا ۔واضح رہے کہ سی سی پی او پشاور قاسم علی خان کی ہدایات پر ضلع بھر میں اسلحہ نمائش کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں اوراب ان ملزمان کی فہرستیں تیارکی جارہی ہیں جن سے اسلحہ پکڑا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں اسلحہ نمائش کرنے والوں سمیت راہزنی، قتل،اقدام قتل ودیگرجرائم میں ملزمان سے1000سے زائد مختلف قسم کا اسلحہ پکڑا گیا ہے جس میں پستولوں کی تعداد زیادہ ہے۔ اس ضمن میں فیصلہ کیاگیاہے کہ جن ملزمان سے اسلحہ پکڑا گیا ہے ان کے لائسنس تاحیات منسوخ کیے جائینگے اور وہ آئندہ بھی لائسنس بنانے کے اہل نہیں ہونگے کیونکہ غیرضروری اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کی وجہ سے مختلف جرائم پیش آرہے ہیں ۔ ایک ،ایک لائسنس پر متعدد اسلحہ بھی جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔اس حوالے سے جلد محکمہ داخلہ کو مراسلہ اور مذکورہ فہرستیں جاری کی جائیں گی تاکہ ان افراد کے لائسنس منسوخ ہوسکیں ،اس اقدام سے جرائم میں کمی کا امکان ظاہر کیاجارہاہے اوراسلحہ نمائش کی روک تھام بھی ہوسکے گی ۔