اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس کا مقصد ملک بھر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا، انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر کیریئر کے نئے وسیع مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے ایک اجلاس میں کیا۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پلان ایک جامع اور انقلابی منصوبہ ہے، جو نوجوانوں کو تربیت سے لے کر ملازمت کے حصول تک ہر مرحلے میں حکومتی سرپرستی فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے میں ملک اور بیرون ملک روزگار کے مواقع شامل کئے گئے ہیں، تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی منوا سکیں۔