کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ٹریفک جام ہوتا ہے جس میں سب شہری پھنستے ہیں، ہمیں ٹھیلے والوں کا بائیکاٹ کرنا چاہئے،شہر میں پچاس نئے پارکس تعمیر کئے جارہے ہیں، ترقیاتی کام تکمیل کے مراحل میں ہیں، ضلع غربی کے ٹاؤنز کو پانی کی کمی کا سامنا تھا اس کمی کو پورا کرنے کے لئے حب ریورسے 100 ایم جی ڈی پانی کی نہر نکالی گئی ہے، بلدیہ ٹاؤن میں این آئی سی وی ڈی کا سیٹلائٹ سینٹر قائم کیا جائے گا، اب ماڑی پور اور کیماڑی کے لوگوں کو پورے شہر سے گزر کر اسپتال نہیں جانا ہوگا، تجاوزات کے خلاف کارروائی ممکن نہیں ہے جب تک عوام ساتھ نہ دیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی۔5 رشید آباد بلدیہ ٹاؤن میں نو تعمیر شدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو فیملی پارک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما، ٹاؤن اور یوسی کے چیئرمین،ممبران اور پارٹی کے مقامی رہنماء بھی موجود تھے،میئر کراچی نے کہاکہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں بلا امتیاز و تفریق کام کر رہے ہیں، کراچی کے عوام کو مسلسل ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے دیں گے، کچھ دن بعد ماڑی پور روڈ پر فٹ بال گراؤنڈ بنانے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق ضبط کئے گئے ٹھیلے پندرہ دن میں واپس کرنا ہوتے ہیں جب ہم ٹھیلے واپس کرتے ہیں تو یہی ٹھیلے دوبارہ لگا لئے جاتے ہیں کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ لوگ ان کے ٹھیلوں سے خریداری کریں گے۔