• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائرنگ سے دو بھائی قتل، مختلف علاقوں سے خاتون سمیت 3 افراد کی لاشیں برآمد

راولپنڈی ، ٹیکسلا (سٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ ) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ایک خاتون اور 2حقیقی بھائیوں سمیت 5افراد جان کی بازی ہارگئے ۔تھانہ ٹیکسلاکے علاقہ خرم پراچہ میں بجلی کاپول لگانے کے تنازع پر چچا زاد نے فائرنگ کرکے اپنے دو تایازاد بھائیوں کو قتل کردیا۔سید زبیر حسین شاہ نے تھانہ ٹیکسلا کو بتایاکہ میں ، برادرم توفیق شاہ ،توقیر شاہ اور عظمت شاہ اپنے گھر کے قریب گلی میں بجلی کاکھمبا کھڑا کرکے گڑھے میں مٹی ڈال رہے تھے کہ اسی اثنامیں نصرت شاہ آیا اور ہمیں گالی گلوچ کرتے ہوئے اپنے پسٹل سے سیدھے فائر میرے بھائیوں پر کرنے شروع کردئیے جس سے توفیق ، توقیر جاں بحق ہو گئے ۔تھانہ روات کے علاقہ گوڑھا راجگان میں ایک نامعلوم عورت کی لاش ملی ،پولیس کے مطابق لاش کئی روزپرانی اور خستہ حال ہے ۔تھانہ چکری کے علاقہ میں گورنمنٹ ہائی سکول چکری کے قریب ایک نامعلوم شخص مردہ حالت میں پایاگیا ،پولیس کے مطابق اس کے جسم پر بظاہر تشدد کاکوئی نشان نہیں ،مرنے والی کی عمر 45سے 50سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے ۔ادھر تھانہ بنی کے علاقہ سے بھی ایک نامعلوم شخص کی ملنے والی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی۔پولیس کاکہنا ہے کہ مذکورہ لاش بظاہر نشے کے عادی شخص کی ہے ۔
اسلام آباد سے مزید