راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن اور ای رجسٹریشن راولپنڈی کے شہریوں کیلئے مسائل کا باعث بن گئی ۔رمضان المبارک میں بھی روزے کے ساتھ شہری تحصیل آفس راجہ بازار میں اپنی جائیدادوں کی رجسٹریشن کیلئے خوار ہو رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور بورڈ آف ریونیو کو صورتحال سے آگاہی کیلئے رابطے کے باوجود شہریوں کی شنوائی کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں۔کئی کئی ماہ سے رجسٹریوں کی رجسٹریشن پائپ لائن میں رکی ہوئی ہے۔نئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن ریٹائرڈ شہریار شیرازی کی سب رجسٹرارز کے ساتھ ملاقات بھی صورتحال میں بہتری نہیں لاسکی۔شہریوں نے الزام لگایا کہ ان کو مبینہ طور پر ٹاؤٹوں اور غیر سرکاری افرادکے ساتھ ڈیل پر مجبور کیا جاتا ہے۔ جو پیشگی ادائیگی کریں ان کا کام ہورہا ہے۔شہریوں سے دستاویزات لے کر کوئی رسید جاری نہیں کی جاتی۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لیں اوررجسٹریشن برانچ میں غیر سرکاری عملے کا داخلہ بند کرائیں۔