اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری مرتضی جاوید عباسی‘معاون خصوصی حذیفہ رحمان ‘وفاقی وزیر معین وٹو اور وزیر مملکت ملک رشید احمد نےعلیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں جبکہ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ 4 برس میں 24 لاکھ سالانہ سے لے کر 60 لاکھ سالانہ تک نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی فراہمی سے روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مدد کی جائے گی‘شہباز شریف نے نوجوانوں کے لئے مارکیٹ اور صنعتوں میں ہنر اور کھپت کے مطابق تربیتی پروگراموں کے منصوبے کی منظوری دے دی‘ وزیراعظم منصوبے پر عملدرآمد کی خود نگرانی کریں گے‘ شہبازشریف نے سمیڈا میں نئی ہنرمند افرادی قوت بھرتی کرنے اور دیہی آبادی کو بلاسود قرض پروگرام سے مستفید کرنے کیلئے لائحہ عمل بنانےکی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کی ترقی کیلئے پر عزم ہیں۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پلان سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیرِ اعظم نے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت کیلئے مقامی صنعتوں سے مسلسل روابط اور افرادی قوت کے بین الاقوامی اداروں کی کھپت کو مد نظر رکھنے کی ہدایت کی اور ماہانہ جائزہ اجلاس کی خود صدارت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے مقامی صنعتوں میں درکار ہنر کے حوالے سے ایک جامع ڈیٹا بیس قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں،نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ضروری ہنر کی فراہمی سے با اختیار اور بر سر روزگار بنا رہے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ 4 برس میں 24 لاکھ سالانہ سے لے کر 60 لاکھ سالانہ تک نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی فراہمی سے روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مدد کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ حب حتمی مراحل میں ہے جس کا اجرا رواں ماہ میں کر دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سمیڈا میں نئی ہنرمند افرادی قوت بھرتی کرنے اور دیہی آبادی کو بلاسود قرض پروگرام سے مستفید کرنے کیلئے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے حوالہ سے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ گزشتہ روز شہباز شریف کی زیر صدارت اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا‘ وزیراعظم نے سمیڈا میں مارکیٹ سے نئی ہنر مند افرادی قوت بھرتی کرنے کی ہدایت کی۔