• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت بے بنیاد دعوے کرنے کے بجائے کشمیر خالی کرے، دفتر خارجہ

اسلام آباد، کراچی (اے پی پی، جنگ نیوز)پاکستان نےبھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا بے بنیاد دعوےکرنے کے بجائے 77سال سے قابض کشمیر خالی کرے، ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع جموں و کشمیرکا پرامن حل جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لئے ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی آئین کے تحت کوئی بھی انتخابی مشق حق خود ارادیت دینے کے متبادل کے طور پر کام نہیں کرسکتی، اسی طرح کشمیری عوام کی دہائیوں پرانی شکایات کو بندوق کے زور پر معاشی سرگرمیوں کے ذریعے دور نہیں کیا جاسکتا،دہشتگرد شریف اللہ کو اقوام متحدہ کے قانون کے مطابق امریکا کے حوالے کیا، افغان سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے، افغانستان سے بہتر ہمسائیگی پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں تاہم ٹی ٹی پی اور دیگر محفوظ دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں خوشگوار تعلقات کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کے ریمارکس نے زمینی حقائق کو غلط انداز میں پیش کیا اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی کیونکہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کیا جانا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ امریکی مشیر سلامتی کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو کال موصول ہوئی ہے ۔ جس میں انہوں نے پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کو سراہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید