• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمیٰ صدیقی

افطاری کے دسترخوان کا اہتمام خاص الخاص پکوانوں سے کرنے کے لیے خواتین نت نئی کھانوں کی تراکیب آزما تی ہیں۔ اس ہفتے ہماری بتائی ہوئی تراکیب سے بنائیں اور گھروالوں سے داد وصول کریں۔

………٭٭……٭٭………

… چکن چیز رول …

اجزا: چکن بریسٹ آدھا کلو، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،چیڈر چیز سو گرام ، درمیانی پیاز ایک عدد، کالی مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، مسٹرڈ پیسٹ آدھا چائے کا چمچہ، سر کہ دو چائے کے چمچے ،چلی ساس دو چائے کے چمچے، سویا سوس دو چائے کے چمچے، اجوائن آدھا چائے کا چمچہ، ہری مرچیں تین سے چار عدد، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، ڈبل روٹی کے سلائس تین عدد، انڈے دو عدد، ڈبل روٹی کا چورا حسب ِضرورت، میدہ دو کھانے کے چمچے، کارن فلور دو کھانے کے چمچے، نمک حسب ِضرورت،تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: فرائی پین میں ایک کھانے کا چمچہ تیل ڈال کر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے درمیانی آنچ پر ایک سے دومنٹ تک فرائی کریں، پھر اس میں چکن کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں ڈال دیں اور ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں ۔جب چکن کا پانی خشک ہو جائے تو اس میں نمک، سرکہ، سویا سوس اور چلی ساس ڈال کر ایک سے دومنٹ تک پکا کر چولہا بند کردیں۔

چاپر میں ڈبل روٹی کے سلائس ،ہرا دھنیا اور ہری مرچیں ڈال کر چاپ کریں، اس کے بعد اس مکسچر کو چاپر سے نکال کر اس میں کالی مرچ اجوائن مسٹرڈ پیسٹ اور ایک پھینٹا ہوا انڈا شامل کریں اور اچھی طرح ملا لیں۔ 

چیز کو اسٹک کی طرح کاٹ لیں اور چکن مکسچر کا تھوڑا سا حصہ ہاتھ میں رکھیں اور اس کے درمیان میں چیز اسٹک رکھ کر رول بنا لیں۔ انڈے کو پھینٹ کر اس میں میدہ اور کارن فلور ملا لیں۔ رول کو پہلے انڈے کے مکسچر میں ڈپ کریں، پھر ڈبل روٹی کا چورا لگا کر کڑاہی میں گرم آئل میں سنہری فرائی کرلیں۔

…آلو کے سموسے…

اجزا: میدہ سوگرام، آلو ایک پاؤ (اُبال کر میش کرلیں)، گھی بیس گرام پسا ہوا گرم مسالہ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، پسی ہوئی لال اور کُٹی لال مرچ ایک، ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، کھٹائی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، نمک حسب ِذائقہ، ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، پیاز ( کٹی ہوئی ) دو عدد، ہری مرچیں ( باریک کٹی ہوئیں) پانچ سے آٹھ عدد، ہرا دھنیا حسب ضرورت ،تیل فرائی کرنے کے لیے۔

ترکیب: ایک پیالے میں میدہ، گھی ، نمک، اور اجوائن ملا کر پانی سے گوندھ لیں اور آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر ایک پین میں تیل گرم کریں اور اس میں پیاز 1 منٹ تک بھونیں پھر اس میں ہری مرچیں، اُبلے اور میش کیے ہوئے آلو ، پسا ہوا گرم مسالہ ، کُٹی لال مرچ، کھٹائی، ثابت دھنیا، نمک ، ہلدی اور ہرا دھنیا ڈال کر یک جاکرلیں اور مسالہ بنا کر ایک طرف رکھ دیں ۔ آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑےبنائیں اور چپاتی کی طرح بیل لیں۔ 

پھر اس کے دو حصے کر لیں ، ہر حصّے کی کون بنا کر اس میں تیار کردہ آمیزہ بھر دیں اور ایک طرف سے دبا کر دوسری طرف سے تہہ کریں اور سموسے بنا لیں۔ پھر پین میں تیل گرم کریں اور سموسوں کو گولڈن براؤن ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔ اس کے بعد سموسوں کو کچھ دیر کے لیے ٹشو پیپر پر نکال لیں، تاکہ اضافی تیل اس میں جذب ہو جائے۔مزیدار سموسے تیار ہے املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

… کھٹے آلو چاٹ…

اجزا: آلو ایک کلو ،تیل دو کھا نے کے چمچے، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، زیرہ بھنا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، چاٹ مسالہ ایک چائے کا چمچہ املی کا پیسٹ آدھی پیالی، چینی ایک کھانے کا چمچہ، چکن پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ ،زدے کارنگ دو چٹکی، ہرا دھنیا آدھا کپ، ہری مرچیں چار عدد ،نمک حسب ِذائقہ۔

ترکیب: آلو ابال کر چھیل لیں۔ سوس پین میں تیل گرم کر کے اس میں لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈال کر فرائی کریں۔ نمک، لال مرچ،چاٹ مسالہ، چکن پاؤڈر، چینی ، زردے کا رنگ، زیرہ، اور دھنیا پاؤڈر، ڈال کر بھونیں۔ تھوڑا سا پانی شامل کرکے املی اور ہری مرچوں کا پیسٹ ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ پانچ منٹ بعد ہرا دھنیا ڈال افطاری میں سرو کریں۔