کراچی (عبدالماجد بھٹی) بھارتی بیٹنگ نے ہچکولے کھانے کے باوجود آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ روہت شرما کی قیادت میں بھارت نے ایک سال میں ٹی 20ورلڈکپ کے بعد دوسرا آئی سی سی ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو چار وکٹ سے شکست ہوئی ۔ کے ایل راہول 33گیندوں پر 34اوررویندرا جڈیجا 6 گیندوں پر9رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے ۔ 2023 میں ورلڈ کپ فائنل میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ بھارت نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ پاکستان کی میزبانی میں دبئی اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں ہرجانب بھارت کا نیلا رنگ نظر آرہا تھا ۔ فائنل میں نیوزی لینڈ نے مزاحمت ضروری کی لیکن وہ25 سال بعد یہ ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ میچ کا فیصلہ ہوتے ہی دبئی اسٹیڈیم اور اسپورٹس سٹی آتش بازی سے جگمگا اٹھا۔ پوری بھارتی ٹیم جیت کا جشن مناتے گرائونڈ میں داخل ہوگئی۔ ہزاروں بھارتی تماشائی رقص کررہے تھے ۔ آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ ، بھارتی بورڈ کے صدر راجر بنی اور کئی بورڈ حکام موجود تھے۔ بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں نا قابل شکست رہی۔ فتح پر اسے 2.24 ملین ڈالرز (پاکستانی روپوں میں 62 کروڑ سے زائد) کی خطیر انعامی رقم ملی ۔ رنرزاَپ ٹیم نیوزی لینڈ کو 1.12 ملین ڈالرز (یعنی 31 کروڑ 11 لاکھ سے زائد روپے) ملے۔ اسی طرح سیمی فائنل فائنلسٹ ٹیموں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کوکو 560,000 ڈالرز (یعنی پاکستانی روپوں میں 15 کروڑ 55 لاکھ سے زائد) ملے۔ 251 رنز کے تعاقب میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں شبمن گل کے ساتھ 105 رنز جوڑے۔ شبمن گل کا 31 رنز پر مشکل کیچ گلین فلپس نے لیا۔ ویرات کوہلی فائنل میں ناکام ہوئے اور محض دو گیندوں پر ایک رن بنا کر بریسویل کو وکٹ دے گئے۔ اس وقت گرائونڈ میں سناٹا چھا گیا۔ روہت شرما7 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 76 اور شریاس آئر 48 رنز اسکور کرکے پویلین لوٹے ۔ شریاس آئر کو اس سے قبل ول ینگ نے ایک آسان کیچ گرا کر زبردست موقع فراہم کیا تھا۔ اکشر پٹیل 40گیندوں پر29رنز کی اننگز کھیل کر دوسرا چھکا مارنے کی کوشش میں باونڈری پر کیچ ہوگئے۔ ہاردیک پانڈیا 18رنز بناسکے ۔ قبل ازیں دبئی میں اتوار کو نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کرپہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹ پر251رنز بنائے۔ بھارتی اسپنر نے بیٹرز کو مشکلات میں رکھا۔ محمد شامی، روہت شرما، آئر اور شبمن گل نے کیچز ڈراپ کئے۔ مائیکل بریسویل نے اختتامی اوورز میں جارحانہ انداز میں 40 گیندوں پر53 ناقابل شکست رنز بنائے جس میں دو چھکے اورتین چوکے شامل تھے۔ اوپنر ول ینگ 23 گیندوں پر 15، رچن رویندرا 37 ، کین ولیمسن 11 ، ٹام لیتھم 14 ، گلین فلپس 34 رنز بناسکے۔ ڈیرل مچل کی ہمت 63 رنز پر جواب دے گئی۔ مچل سینٹنر 8 رنز ہی بناسکے۔