کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے جمعہ سے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں میدان سجے گا ۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کراچی ریجن وائٹس اور اسلام آباد ریجن کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسی روز بہاولپور ریجن کا مقابلہ ڈیرہ مراد جمالی ریجن سے اسی مقام پر ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں 16 ریجنز سے 18 ٹیمیں حصہ لیں گی ان ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ میچ لاہور کے دو مقامات قذافی اسٹیڈیم اور ایل سی سی اے گراؤنڈ کے علاوہ ملتان کے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے۔ ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 23 اور 24 مارچ کو اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، سیمی فائنل 26 مارچ کو اسی مقام پر ہونا ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 27 مارچ کو اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی ۔ فیصل آباد میں ڈبل ہیڈر میچز شام 7 جبکہ لاہور اور ملتان میں شام ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے۔ اقبال اسٹیڈیم میں 14 سے 20 مارچ تک میچوں میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔21 سے 27 مارچ تک کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل کیلئے ٹکٹس فروخت کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔