• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی اے پی این ایس کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد

کراچی (نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف ، قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے اے پی این ایس کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے،آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی جنرل کونسل کا سالانہ اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں متفقہ طور پر سرمد علی صدر، ناز آفرین سہگل لاکھانی سینئر نائب صدر،شہاب زبیری نائب صدر ، محمد اطہر قاضی سیکرٹری جنرل ،محسن بلال جوائنٹ سیکرٹری اور نوید کاشف کو فنانس سیکرٹری منتخب کیا ۔ سالانہ اجلاس عام صدر ناز آفرین سہگل لاکھانی کی زیر صدارت اے پی این ایس ہائوس کراچی میں منعقد کیا گیا جس میں سال 2024-25ء کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رپورٹ اور سال 2024 ء کے سالانہ حسابات کی رپورٹ کی متفقہ منظوری دی گئی ۔ جنرل کونسل میں پورے ملک سے 107اراکین نے شرکت کی۔ جنرل کونسل نے ممتاز احمد پھلپوٹو ، سید عرفان شاہ اور علی بن یونس پر مشتمل ایک الیکشن کمیشن تشکیل دیا۔الیکشن کمیشن نے سال 2025-26ء کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے الیکشن منعقد کرائے۔ جس میں اخبارات اور جرائد بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ کونسل کے سالانہ اجلاس میں اراکین نے روزنامہ ڈان کے سرکاری اشتہارات پر مسلسل پابندی کی شدید مذمت کی ہے اور اسے آزادی صحافت کے منافی اور اشتہارات کو اخبار کی ادارتی پالیسی کو ڈیکٹیٹ کرنے اور اشتہارات کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی پالیسی قرار دیا ہے ۔ کونسل نے نوٹ کیا کہ اخبار کیلئے اشتہارات کی مقررہ مقدار کوئی رعایت نہیں بلکہ ایک حق ہے کیونکہ حکومت اپنے کام میں شفافیت اور عوام کی آگاہی کے حق کو یقینی بنانے کیلئے اشتہارات جاری کرتی ہے ۔اشتہارات کی ادائیگی قومی خزانے سے کی جاتی ہے اسلیئے سرکاری اشتہارات کو حکومت کی مرضی اور منشاء کے مطابق جاری کرنا یا انکار کرنا حکومت کا اختیار نہیں اے پی این ایس نے ہمیشہ سرکاری اشتہارات کے شفاف ، جائز اور منصفانہ اجراء پر زور دیا ہے ۔ اے پی این ایس کونسل نے روزنامہ صحافت کے اشتہارات پر طویل عرصہ سے عائد پابندی کی بھی شدید مذمت کی ہے۔ جنرل کونسل نے ایک قرار داد کے ذریعے پرنٹ میڈیا کی معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے اخبارات شدید مالی بحران کا شکار ہیں جس میں سے اکثر تباہی کے دہانے پر ہیں اس صورتحال میں کونسل نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ شہباز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں سرکاری نرخوں میں اضافہ کے منظور کیئے گئے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے ۔جنرل کونسل کی ایک قرار داد میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے درخواست کی گئی کہ اخباری صنعت کے طویل ذیرِ التواء بقایاجات کی جلد ادائیگی کی جائے ۔ اشتہارات کے حجم میں اضافہ اور اشتہارات کے اجراء میں پرنٹ میڈیا کاالگ حصہ مختص کیا جائے تاکہ موجودہ صورتحال میں اخباری صنعت زندہ رہ سکے۔
اہم خبریں سے مزید