• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفری پابندیاں، پاکستان کے خلاف فیصلہ سیاسی ہوگا، سینیٹر مشاہد حسین

اسلام آباد (طاہر خلیل) پاکستانیوں پر سفری پابندیوں کے حوالے سے امریکی اخبارات میں شائع خبروں پر جنگ سے گفتگو میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانیوں پر پابندیوں کا فیصلہ ہوتو پاکستان جواب میں امریکیوں پر اسی طرح کی پابندیاں عائد کرے۔ امریکا میں پاکستان کی سابق سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جنگ سے بات چیت میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، جب فیصلہ ہو گا تو اس پر ردعمل دیں گے۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستانیوں پر پابندیاں سیاسی فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں 3 ملکوں سے غیر قانونی مائیگریشن ہوتی ہے جس میں میکسیکو، ایلسلوا ڈور اور انڈیا شامل ہیں۔ 2 لاکھ سے زیادہ انڈین غیر قانونی تارکین امریکا میں ہیں، جاری فہرست میں تینوں ملکوں کا نام نہیں، جس سے پتہ چلتا ہے کہ ہمارے خلاف پابندیاں سیاسی بنیادوں پر ہیں۔ اس کا مائیگریشن سے تعلق نہیں اس لئے پاکستان کو بھی اسی طرح کا جوابی اقدام کرنا چاہئے جو امریکا کی طرف سے کیا جائے۔