کراچی(آئی این پی )کراچی میں ٹریفک پولیس نے عید الفطر کی مناسبت سے بازاروں میں رش کے پیش نظر پلان ترتیب دیدیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق رش کو کم کرنے کیلئے تین تلوار پر رکشہ، ٹیکسی یا اون کال ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ٹریفک پولیس نے تین تلوارپر رش ہونے کی صورت میں کلفٹن برج ریس کورس، چوہدری خلیق الزمان روڈ کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے جب کہ طارق روڈ اللہ والی سے اتحاد سگنل تک رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ اسی طرح صدر، فوارہ چوک سے جی پی او اور سنگر چوک سے زیب النسا تک رکشہ، ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا جب کہ جامع کلاتھ تبت چوک سے عید گاہ چوک تک رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ بھی ممنوع ہوگا۔ٹریفک پولیس کے مطابق ملینیئم ڈرگ روڈ سے آنے والی ٹریفک ملینیئم برج سے نیپا جاسکے گی، حیدری مارکیٹ والی سڑک پر رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا، نارتھ کراچی سے کمرشل ٹریفک کو 5 اسٹار چورنگی سے شپ اونر چورنگی اور لنڈی کوتل چورنگی موڑا جائیگا جب کہ بورڈ آفس سے ٹریفک کے ڈی اے چورنگی سے ضیا الدین چورنگی اور پہاڑ گنج موڑا جائیگا۔