اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے سرغنہ کی گرفتاری پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہےکہ انسانی اسمگلنگ کے گھنائونے جرم کے مرتکب عناصر کی سرکوبی حکومت کی اولین ترجیح ہے، یہ کالا دھندہ مکمل طور پر بند ہونا چاہئے، وزارت داخلہ ، ایف آئی اے اور آئی بی کے حکام جو انسانی اسمگلنگ کے خاتمہ کیلئے کام کررہے ہیں، انسانی اسمگلروں کیخلاف کارروائی تیزی کی جائیں، ججہ گینگ کی گرفتاری قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف آئی اے اورآئی بی کےحکام سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ کے آپریشن میں حصہ لینے والے ایف آئی اے اور آئی بی افسران کو انعامی چیک اور شیلڈز بھی فراہم کیں۔ دوسری جانب پلڈاٹ بورڈ کے اراکین کی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات بورڈ ممبران نے وزیراعظم کو پلڈاٹ کے امور کے بارے میں آگاہ کیا۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے نوشکی میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں اور شہریوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔وزیراعظم نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم متزلزل نہیں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ججہ گینگ کی گرفتاری لائق تحسین ہے۔انسانی اسمگلنگ کے دھندے میں ملوث عناصر نے نہ صرف پاکستان کو بدنام کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث ججہ گروہ کی گرفتاری پروفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور انٹیلی جنس بیورو کےحکام اور افسران کی پذیرائی کیلئے ان سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزارت داخلہ ، ایف آئی اے اور آئی بی کے حکام جو انسانی اسمگلنگ کے خاتمہ کیلئے کام کررہے ہیں انکی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان کی عزت و وقار کی بحالی اور بلندی کےلئے اپنی تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لائیں ۔ وزیراعظم کو عثمان ججہ نامی شخص کی گرفتاری کے حوالہ سے بتایاگیا کہ عثمان ججہ 19 کیسز میں مطلوب تھا اور انسانی اسمگلنگ کا مرکزی ملزم تھا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انسانی اسمگلنگ کے تدارک کا کام جاری ساری رکھیں، پوری قوم اور میں آپکی مکمل معاونت کرینگے تاکہ انسانی اسمگلنگ کے دھندے کی مکمل بیخ کنی کی جاسکے۔ ملاقات کے آخر میں وزیرمملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے وزیراعظم سے متعلقہ حکام کا تعارف کرایا جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ اور سیکرٹری داخلہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ کے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران کو انعامی چیک اور شیلڈز بھی فراہم کیں۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کو انسانی اسمگلنگ کے خاتمہ کے حوالہ سے بریفنگ بھی دی گئی۔وزیرِ اعظم نے انسانی اسمگلر عثمان ججہ کو گرفتار کرنے والے انٹیلیجینس بیورو اور ایف آئی اے کے ہر افسر و اہلکار کو 10، 10 لاکھ روپے انعام دیا۔ عثمان ججہ 2024 میں یونان کشی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی اموات کے ذمہ داران میں مرکزی کرداروں میں سے ایک ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپرینسی کے بورڈ کے اراکین مجیب الرحمن شامی, شاہد حامد اور احمد بلال محبوب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھی موجود تھے بورڈ ممبران نے وزیراعظم کو پلڈاٹ کے امور کے بارے آگاہ کیاوزیراعظم نے پاکستان میں جمہوریت کی بہتری کے حوالے سے کام کرنے پر پلڈاٹ کے کردار کی تعریف کی۔