دین کی خاطر اسکرین سے دوری اختیار کرنے والی پاکستانی سابقہ اداکارہ زرنش خان نے ساتھی اداکارہ علیزے شاہ سے معافی مانگ لی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اداکارہ علیزے شاہ کی جانب سے شیئر کیا گیا اسکرین شارٹ وائرل ہو رہا ہے۔
وائرل اسکرین شارٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ زرنش خان نے ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران علیزے شاہ سے متعلق منفی تبصرہ دیا تھا، جس پر اب انہیں پچھتاوا ہے، جس پر وہ ساتھی اداکارہ سے معافی کی طلب گار ہیں۔
شوبز سے دوری اختیار کرنے والی اداکارہ نے علیزے شاہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پیغام بھیجا، جس میں لکھا کہ ہائے علیزے! میں جانتی ہوں کہ یہ غیر یقینی ہے لیکن مجھے واقعی انٹرویو کے دوران اپنے احمقانہ تبصرے پر بہت پچھتاوا ہے، براہِ مہربانی مجھے معاف کر دو، اگر تم مجھے معاف کر دو تو میں عوامی سطح پر بھی معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ میں آپ کی والدہ سے بھی معافی مانگنا چاہتی ہوں، میرے تبصرے سے انہیں بھی تکلیف پہنچی تھی، مجھے واقعی افسوس ہے کہ وہ تبصرہ بغیر سوچے سمجھے دیا تھا، میں سچ میں تمہاری عزت اور قدر کرتی ہوں، ہمیشہ خوش رہو، آمین۔
واضح رہے کہ تقریباً 3 سال قبل اداکارہ زرنش خان نے نجی پروگرام کے دوران علیزے شاہ سے متعلق سوال پر اپنے خیالات پیش کیے تھے اور کہا تھا کہ اگر علیزے شاہ کا کسی سے بھی بدتمیزی کا مقابلہ ہو تو وہی جیتیں گی، تاہم اس وقت علیزے شاہ نے خاموشی اختیار کی اور مفتی مینک کا ایک قول شیئر کیا تھا۔
قول کے مطابق یہ توقع نہ کریں کہ لوگ آپ کو سمجھیں گے، وہ بس باتیں کرنا اور فیصلہ سنانا جانتے ہیں، جیسے انہیں سب معلوم ہو کہ آپ کن حالات سے گزر رہے ہیں؟ حالانکہ یہ کوئی نہیں سمجھ سکتا، کیونکہ کوئی خود کو ایک دوسرے کی جگہ رکھ کر نہیں سوچتا، لہٰذا جب آپ لوگوں کے منفی تبصرے سنتے ہیں تو مایوس نہ ہوں، اللّٰہ تعالیٰ جانتا ہے، بس مسکرائیں اور آگے بڑھیں۔