اسلام آباد (اے پی پی،نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی شعبے کی باصلاحیت افرادی قوت میں عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنیاد پر کام کرنے کی استعداد موجود ہے،آئی ٹی کے شعبے میں 25ارب ڈالر کی برآمدات کے ہدف کے حصول کیلئے آئی ٹی کمپنیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ممتاز امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی ایفینیٹی کے سی ای او جیرومی کیپیلس کی سربراہی میں 4 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔ امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی ایفینیٹی نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ایفینیٹی کی پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور ایفینیٹی پاکستان کو قومی اور بین الاقوامی صارفین کیلئے پاکستان میں عالمی معیار کا کال سینٹر قائم کرنے کی تجویز دی۔