• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI کا ان کیمرہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ افسوسناک ہے، شرجیل میمن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ان کیمرہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ افسوسناک ہے، اجلاس میں شریک ہو کر پی ٹی آئی اپنے سوالات کر سکتی تھی۔ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے،ملک کو دہشتگردی کا بڑا چیلنج درپیش ہے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے، دہشتگردی کی لہر دشمن ممالک کی ایماء پر شروع کی گئی۔ سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قومی مسائل پوری قوم کے لیے ہوتے ہیں، ہر مشکل اور برے حالات میں قومی ایشوز پر ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے، لیکن پی ٹی آئی اس نازک موڑ پر بھی ریاست کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئی۔ جب تک "اڈیالہ کے قیدی" کی اجازت نہیں ملے گی، وہ قومی معاملات میں شرکت نہیں کریں گے۔سکیورتی اداروں کے پاس موجود شواہد کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 18اکتوبر کو پیپلز پارٹی کے سیکڑوں کارکن دہشت گردی کا نشانہ بنے، اور دہشت گردوں نے پیپلز پارٹی پر حملے کیے، لیکن پارٹی ہمیشہ کھل کر دہشتگردی کی مذمت کرتی رہی ہے۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف کھل کر آواز اٹھاتی آئی ہے۔ دہشت گرد تنظیموں کا نشانہ ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی رہی ہے، اور پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو دہشت گردی کے خلاف کھڑی رہی ہے. شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جو جماعتیں ماضی میں طالبان کی حمایت کرتی رہی ہیں، وہی آج ان کیمرا اجلاس میں شرکت سے گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کے معاملات پر سیاست کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید