راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ہلال احمر پنجاب نے راولپنڈی میں دو ضلعی ہلال احمر کمیٹیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی سربراہ/ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے اقدامات پر سوالات اٹھاتے ہوئےہدایت کی ہے کہ 19اکتوبر2023والی کمیٹی کا اجلاس بلا کر تمام فیصلے نئے سرےسے اکثریتی رائے کے ساتھ کئے جائیں۔ضلعی چیئر مین /ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے نام مراسلے میں پنجاب ہلال احمر کمیٹی نے اعزازی سیکرٹری ہلال احمر راولپنڈی ڈاکٹر انصر اسحاق کی شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 19اکتوبر2023کوتین سال کیلئے ڈسٹرکٹ ریڈکریسنٹ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔اسی دوران ندیم اقبال ڈائریکٹر ٹریننگ کے خلاف الزامات کی انکوائری کیلئے 28 جون 2024کو ایک کمیٹی بنائی گئی جس نےندیم اقبال کی برطرفی اور ڈاکٹر انصر اسحاق کی تبدیلی کی سفارش کی۔انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ضلعی چیئر مین نے12فروری2025کو نئی ڈسٹرکٹ ریڈ کریسنٹ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایک کمیٹی کی موجودگی میں دوسری کمیٹی کے نوٹیفکیشن کے باعث متوازی دو ضلعی کمیٹیاں قائم ہو گئیں۔ریڈ کریسنٹ ریگولیشنز 2020کے سیکشن41کے تحت انتخابی عمل کے بغیر دوسری کمیٹی کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی /ضلعی چیئر مین کی طرف سے12فروری 2025 کو بنائی گئی کمیٹی کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس جواد حسن معطل کرچکے ہیں ۔