اسلام آباد (جنگ نیوز ) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ سیکرٹری و کنونیئر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری ،جی الیون مرکز کے صدر نعیم اعوان ، آبپارہ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اختر عباسی ، ستارہ مارکیٹ کے صدر سید الطاف حسین شاہ ، جی ٹین مرکز کے صدر اخلاق عباسی، میلوڈی مارکیٹ کے صدر اظہر اقبال، آئی ایٹ مرکز کے صدر چوہدری وحید چیمہ، ایف ایٹ مرکز کے جنرل سیکرٹری اسماعیل خان اور سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد عباسی نے کہا ہے کہ مہنگائی تاجروں نے نہیں کی۔ خود حکومت مہنگائی کی ذمہ دار ہے۔ لیکن چھوٹی چھوٹی دکانوں سے تاجروں کو اٹھا کر پہلے تھانہ میں بند کر دیا جاتا ہے ۔ پھر ہتھکڑی لگا کر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جاتا ہے حالانکہ مجسٹریٹ کے سامنے ہی گرفتاری ہوتی ہے ۔ بھاری جرمانہ کر کے رہا کیا جاتا ہے اور جرمانے کی رقم کی رسید بھی نہیں دی جاتی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہتھکڑیاں لگا کر تاجروں کی تذلیل بند کی جائے۔