اسلام آباد ( طاہر خلیل ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ایک بار بھی ملکی اور عوامی مسائل پر بات نہیں کی ،صرف پوائنٹ سیکورنگ کی اپوزیشن کو حکومت سے زیادہ وقت دیا، پروڈکشن آرڈر جاری کئے افغانستان دہشت گردوں کی محفوظ آماجگاہ بنا ہوا ہے، دنیا نے نوٹس نہ لیا تو پاکستان میں لگی آگ سے ہمسایہ ممالک بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر ایاز صادق سے ہارورڈ یونیورسٹی امریکہ کی طلباء ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں سپیکرنے وفد کو قانون سازی، اہم قومی، علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کو دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے سنگین خطرات کا سامنا ہے، افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے، پاکستان متعدد بار افغان عبوری حکومت کو دہشت گرد تنظیموں کے خلاف شواہد دے چکا ہے، افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا، اعلیٰ امریکی عہدیداروں کو بھی اس تشویش ناک صورتحال سے آگاہی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد امریکہ کا افغانستان میں چھوڑا گیا جدید ترین اسلحہ استعمال کر رہے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کی آگ خطے کے دیگر ممالک تک بھی پھیل سکتی ہے۔