کراچی (اسٹاف رپورٹر) میڈیا ورکرز آرگنائزیشن کراچی کے تحت 12لاکھ روپے مالیت کے راشن کی تقسیم ، مہمان خصوصی جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و سٹی کونسل کراچی کے قائد حزب اختلاف سیف الدین ایڈوکیٹ نےالخدمت کے تعاون سے 150سے زائد میڈیا ورکرز کیلئے راشن کے کوپن MWO کراچی کے رہنما منصوریوسف کے سپرد کئے۔ تقریب سےسینئر صحافی مظہر عباس، ایم ڈبلیو او کے ترجمان منصور یوسف، سہیل افضل، مرزا عمران بیگ، عبیداللہ، جماعت اسلامی کے انفارمیشن سیکریٹری زاہد عسکری کے ایپنک پاکستان کے مرکزی چیئرمین محمد عرفان نے بھی خطاب کیا۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کراچی کے مسائل پر بھرپوراور توانا آواز اٹھائی ہے بالخصوص ریاست کے اہم ستون میڈیا کی آزادی، آزادیٔ اظہاراور میڈیا ورکرز کی فلاح وبہبود میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ اس حوالے سے سال گزشتہ کی طرح امسال بھی ہم رمضان المبارک میں کم تنخواہ والے میڈیا ورکرز کی فیملی کیلئے راشن کی تقسیم میں پیش پیش ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ منصور یوسف نے کہا کہ ہم میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ان کی خدمت کیلئے ہمیشہ سرگرم عمل رہتے ہیں۔