کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کو 2 اپریل سے مساوی جوابی محصولات (like-for-like duties) کا سامنا کرنا پڑے گا اگرچہ نئی دہلی کے حکام واشنگٹن کو راضی کرنے کے لیے تجارتی رکاوٹیں کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے بدھ کے روز قدامت پسند میڈیا ادارے بریٹبارٹ نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ بھارت ’’دنیا کے سب سے زیادہ ٹیرف عائد کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’مجھے یقین ہے کہ وہ شاید ان ٹیرف میں نمایاں کمی کریں گے، لیکن 2اپریل سے، ہم ان پر وہی محصولات عائد کریں گے جو وہ ہم پر لگاتے ہیں۔‘‘ اگرچہ ٹرمپ بارہا اشارہ دے چکے ہیں کہ جنوبی ایشیائی ملک کو 2 اپریل کو کسی رعایت کی توقع نہیں کرنی چاہیے، لیکن بھارتی حکام اس معاملے پر زیادہ پُرامید مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں۔