• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان رابطے بحال، مسائل کے حل اور تعلقات میں بہتری کیلئے اعلیٰ سطح بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق

کابل، خیبر (ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے درمیان رابطے بحال ہوگئے، پاکستانی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان کی کابل میں قائم مقام افغان وزیر خارجہ ملا امیر متقی سے ملاقات ہوئی ہے، جس میںباہمی تعلقات اور افغان مہاجرین کی بتدریج اور باوقار واپسی پر گفتگو ہوئی، دونوں ممالک نے مسائل کے حل اور تعلقات میں بہتری کیلئے اعلیٰ سطح بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، صادق خان نے کہا ہے کہ افغانستان کی سیکورٹی پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے، ملا امیر متقی نے کہا تجارت اور ٹرانزٹ میں رکاوٹ کسی ملک کے مفاد میں نہیں، دوسری جانب طور خم بارڈر 27روز بعد کھل گیا، پیدل آمدورفت شروع، ویزا اور پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کو افغانستان آنے اور جانے کی اجازت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کیلئے پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق نے اپنے دورہ کابل کے دوران قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے کابل اور اسلام آباد کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے بات چیت کی۔ امیر متقی نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت اور ٹرانزٹ کی راہ میں حائل رکاوٹیں کسی بھی فریق کو فائدہ نہیں پہنچاتی اور یہ کہ غیر متعلقہ مسائل کو ایک ساتھ نہیں جوڑا جانا چاہیے۔ دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی اور راہداری مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ افغان وزارت خارجہ میں تعلقات عامہ کے سربراہ ضیاء احمد توکل نے کہا کہ قائم مقام وزیر خارجہ نے پاکستانی فریق کو یاد دلایا کہ تجارت اور راہداری میں رکاوٹیں پیدا کرنا کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور معاملات کو آپس میں جوڑا نہیں جانا چاہیے۔ ملاقات میں افغان مہاجرین کی بتدریج اور باوقار واپسی پر بھی بات چیت کی گئی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان میں سلامتی کو یقینی بنانا پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے افغان شہریوں کیلئے ویزا جاری کرنے کے عمل کو آسان بنانے کا وعدہ کیا۔ دوسری جانب پاک افغان طور خم بارڈر 27 روز بعد پیدل آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا جسکے بعد مسافروں کی پیدل آمدورفت شروع ہو گئی تاہم ویزا اور پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کو افغانستان آنے اور جانے کی اجازت ہوگی۔ذرائع کے مطابق طورخم سرحد امیگریشن سیکشن کو مرمتی کام مکمل کرنے کے بعد بحال کر دیا گیا جسکے بعد افغانستان کو پیدل آمدورفت شروع ہو گئی تاہم صرف ویزا اور پاسپورٹ رکھنے والوں کو افغانستان جانے کی اجازت ہو گی، سرحدی گزرگاہ 26 دن بعد گزشتہ روز تجارت کیلئے کھولی گئی تھی۔

اہم خبریں سے مزید