اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی،نیوز رپورٹر ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان ہمارے بانیان اور تحریکِ پاکستان کے کارکنوں کی عظیم قربانیوں اور انتھک محنت کے نتیجے میں وجود میں آیا۔ ہمارے روشن مستقبل کاضامن وہ جذبہ ہے جس نے پاکستان کو وجود بخشا آج ہمیں سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ہم ان چیلنجز پر قابو پانے اور مزید مضبوط بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ صدر نے کہا ہمیں قومی سلامتی کو مستحکم کرنے، معیشت کو بحال کرنے، زراعت کو ترقی دینے، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اپنی نوجوان نسل کے لیے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔ صدر نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ہم آج جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں جو اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا گزشتہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ افراط زر کی شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے ساتھ ہم نے اپنی معیشت کو مضبوط کیا ،وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے اس اہم قومی دن پر تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد!.انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر یاد کیا جاتا ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےاپنے پیغام میں کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اس وعدے کی تجدید کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا آج کا دن ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اسی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں جس کا مظاہرہ ہمارے اسلاف نے تحریک پاکستان کے دوران کیا تھا۔ ملک کو دہشتگردی کے ناسور کا سامنا ہے جسے سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی اور اتحاد کا عملی مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔