اسلام آباد (فاروق اقدس/خصوصی رپورٹ) بنگلہ دیش آرمی کی جانب سے بھارتی میڈیا میں آنے والی ان افواہوں، مفروضوں اور قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کی گئی ہے جن میں ڈھاکہ میں فوجی نقل وحرکت اور آرمی چیف کی بغاوت کو رپورٹ کی شکل میں بنا کر خبر کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش آرمی کی جانب سے فوجی مونوگرام کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا کے بعض حصوں جن میں اکنامک ٹائمز اور انڈیا ٹوڈے میں یہ قیاس آرائیاں کی گئی ہیں کہ یہ امکان موجود ہے کہ بنگلہ دیش کی موجودہ عسکری قیادت کے خلاف بغاوت کے نتیجے میں عسکری قیادت تبدیل کردی جائے گی، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش آرمی کی نویں ڈویژن کو ڈھاکہ میں متحرک کر دیا گیا ہے، جس سے دارالحکومت میں ایک اور فوجی بغاوت کی افواہیں زور پکڑ رہی ہیں، بنگلہ دیشی فوج کے ترجمان ادارے نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ہم اس ڈس انفارمیشن اور بے بنیاد رپورٹس کی سختی سے تردید کرتے ہیں اور ایسی رپورٹس کا نوٹس لیا گیا ہے۔