اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے اورعملے نے یومِ پاکستان کے موقع پر حکومت اور پاکستانی عوامِ کو اس پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور عظیم شاعر و فلسفی علامہ محمد اقبال کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں میں بے پناہ مشکلات کے باوجود اپنی ثابت قدمی، جرات اور ایمان داری سے ان کا سامنا کیا ہے اور ہر آزمائش میں سرخرو ہوا ہے۔ ایران اور پاکستان کے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں جو اسلامی بھائی چارے، اچھے ہمسایہ تعلقات، باہمی احترام اور خیرسگالی کے اصولوں پر قائم ہیں۔