• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوتھا ٹی 20، پاکستان کو سب سے بڑی شکست کا داغ، نیوزی لینڈ 115 رنز سے کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کھیلنے والی ایک اور بڑی ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز ہار گئی ۔ نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ میں پاکستان کو 115 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے پاکستان کی سب سے بڑی شکست ہے۔ تیسرے میں پاکستان کے تیز ترین سنچری میکر حسن نواز اور کپتان سلمان علی آغا ایک ایک اور محمد حارث دو رنز بناسکے۔ نائب کپتان شاداب خان بھی صرف ایک ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کے چار پیس بولروں نے اپنی اسپیڈ اور سوئنگ سے پاکستانی بیٹنگ لائن کو بے بس کردیا ۔ دس میں سے9 وکٹ فاسٹ بولروں نے حاصل کئے۔ بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پاکستان کی اننگز میں دو بیٹر ڈبل فیگر میں داخل ہوئے۔ بلیک کیپس کیلئے فن ایلن، ٹم سائیفرٹ اور بریسویل نے دھواں دھار بیٹنگ کی۔ فن ایلن پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ اس سے قبل پاکستان کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے ہاتھوں سیریز میں بھی شکست ہوئی تھی۔ اتوار کو ماؤنٹ مانگنوئی میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 221 رنز کا ہدف دیا ، جواب میں ناکام ٹیم105 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کے آخری8وکٹ 56رنز پر گر گئے۔ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ کیویز نے دھواں دھار آغاز کرکے بتادیا کہ پاکستان کو ایک بار پھر 200 سے زیادہ رنز کا تعاقب کرنا پڑے گا۔ میزبان ٹیم نے 3.5 اوورز میں ہی 50 رنز بٹور لیے۔ ٹیم سائیفرٹ نے ایک بار پھر دھواں دار آغاز کیا اور چار چھکوں، تین چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ فن ایلن نے 20 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کر کے نیوزی لینڈ کا اسکور صرف 10 اوورز کے اختتام پر 134 رنز تک پہنچا دیا۔ پاکستانی بولرز نے میچ میں واپسی کی اور149 پر پانچ کھلاڑی پویلین لوٹا دیے۔ تاہم کپتان مائیکل بریسویل نے 26 گیندوں پر 46 رنز کی فیصلہ کن اننگز کھیل کر اسکور چھ وکٹ پر 220 رنز پر پہنچا دیا۔ جواب میں پاکستان کی نصف بیٹنگ لائن پاور پلے میں ہی پویلین لوٹ چکی تھی۔ پہلے آؤٹ ہونے والے محمد حارث تھے جنھوں نے صرف دو رنز بنائے۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنی تیز ترین سنچری بنانے والے حسن نواز، کپتان سلمان علی آغا، شاداب خان او ر عباس آفریدی ایک ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عرفان خان 24 ، خوشدل شاہ صرف چھ رنز بنا سکے ۔ عبدالصمد 28 گیندوں پر سب سے زیادہ 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ابرار احمد ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کیلئے جیکب ڈفی نے 20رنز دے کر چار ، زکرے فولکس نے تین جبکہ وِل اورورکی، جیمز نیشم اور اش سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں جیمیسن اور بین سیئرز کی جگہ وِل اورورکی اور جیکب ڈفی کو شامل کیا گیا تھا۔

اسپورٹس سے مزید