راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس کو ایل ٹی ای ایڈوانس ہینڈ سیٹ فراہم کر دئیے گئے ،پرانے وائرلیس سیٹس کی جگہ نئے جدیدسسٹم لانگ ٹرم ایوولیوشن وائرلیس براڈبینڈ ٹیکنالوجی کے حامل دستی سیٹ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کی کالز ،پنجاب ایمرجنسی سروس ،سیف سٹی سے براہ راست منسلک ہیں اور ان پر ویڈیوکالزکی سہولت بھی میسر ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ ابتدائی طور پرراولپنڈی پولیس کو50سیٹ فراہم کئے گئے ہیں ،تمام ایس ایچ اوز سمیت سینئر افسروں نے جدید ٹیکنالوجی کے حامل ان ایل ٹی ای ایڈوانس ہینڈ سیٹس کااستعمال شروع کردیاہے ۔ نئے وائرلیس سیٹ پبلک نیٹ ورک کالنگ،کیمرہ اور آرٹیفشل انٹیلی جنس سپورٹڈ ہیں ۔نئے سیٹس کے ذریعے ایس ایچ اوزبراہ راست 15کی کالز سن سکیں گےان کی وجہ سے پولیس کے رسپانس ٹائم میں بھی بہتری آئے گی اور ان میں موجودسسٹم کی بدولت ایس ایچ اوزکی نقل وحرکت کومانیٹربھی کیاجاسکے گا۔