راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) ریونیو افسران کے ساتھ جھگڑے کے باعث ضلع راولپنڈی میں پٹواریوں نے ہڑتال کردی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ کے ریڈر نے صدر انجمن پٹواریاں تحصیل راولپنڈی طاہر محمود وڑائچ کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی جس کے بعد انجمن پٹواریاں/گرداوران نے احتجاج کادائرہ پنجاب بھر تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ڈاکٹر ارسلان کی طرف سے پٹواریوں کے ساتھ مبینہ ناروا رویہ کے خلاف پٹواری احتجاج کررہے تھے۔اس دوران اسسٹنٹ کمشنر کینٹ صبیح الماس نے دو پٹواریوں ذیشان اور عامر ملک کو طلب کیا جو اس وقت انجمن پٹواریان کے اجلاس میں شریک تھے۔ دونوں اے سی کینٹ کے پاس پیش ہوئے تو صبیح الماس ناراض ہوئے اور دونوں کو معطل کرنے کی دھمکی دی۔ صدر انجمن پٹواریاں تحصیل راولپنڈی طاہر وڑائچ اے سی کینٹ کے پاس گےتوفریقین میں تلخ کلامی ہوئیجس کے بعد طاہر وڑائچ کو اسسٹنٹ کمشنر صدر حاکم خان نے معطل کرکے انکوائری کا حکم دیدیا تھا ۔ پٹواری عامر ملک کو بھی کرپشن کی شکایت پر معطل کرکے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی جاری ہے۔