کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچ نے کلفٹن بلاک 8 میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر پراپرٹی کے مالک کو سی بی سی سے رجوع کرنے کا حکم دیدیا اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی میں رینجرز اور پولیس کو بھی تعاون کرنے کی ہدایت،غیر قانونی تعمیرات کے خلاف رہائشیوں کی درخواست کی سماعت پر سی بی سی کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے، دراخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کلفٹن بلاک 8 میں رہائشی پلاٹ کو کمرشل میں تبدیل کر دیا گیا ، بغیر کسی بلڈنگ پلان کے تعمیرات ہو رہی ہے ، عدالت نے گزشتہ سماعت پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا، سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے پر پولیس سمیت دیگر ادارے ساتھ نہیں دے رہے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تو ایسا کریں ادارے بند کر کے اپنے گھر چلے جائیں ، ہمیں عدالتی حکم پر عملدرآمد چا ہئے ،عدالت نے سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کو پراپرٹی مالک کو ذاتی حیثیت میں سننے کی ہدایت کردی ۔