کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کی ایک اور دبنگ اور شاندار کارکردگی کے باعث پاکستان ٹیم آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھی یکطرفہ شکست کھاگئی۔ سرجری کے بعد بلیک کیپس نے گرین شرٹس کا پوسٹ مارٹم بھی کردیا۔ بیٹنگ لائن ناکام رہی، بولرز جارحانہ بیٹنگ کے سامنے بے بس اور فیلڈنگ ناقص رہی۔ نیوزی لینڈ نے بدھ کو اسکائی اسٹیڈیم ویلنگٹن میں پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل با آسانی8وکٹ سے جیت کر سیریز چار ایک سے اپنے نام کی۔ اس سے قبل پاکستان جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے خلاف بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہارچکا ہے۔ پاکستانی ٹیم 128رنز بناسکی۔ کیویز نے ہدف صرف دس اوورز میں دو وکٹ پر پورا کرلیا۔ اوپنر ٹم سائفرٹ کے لاٹھی چارج نے پاکستانی بولنگ کو بے اثر کردیا۔ انہوں نے صرف38 گیندوں پر دس چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے دھواں دھار 97 رنز اور آئوٹ بھی نہیں ہوئے ۔ انہوں نے سیریز میں249رنز بنائے اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔ فاسٹ بولر جیمی نشیم نے22رنز دے کر پانچ وکٹ لئے ۔ وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستان کی جانب سے دونوں وکٹیں سیریز میں پہلا میچ کھیلنے والے سفیان مقیم نے حاصل کیں ۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان نے 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 128 رنز بنائے، کپتان سلمان علی آغا اور شاداب خان کے علاوہ کوئی قابل ذکر کھیل پیش نہ کرسکا ۔ 8 بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ سلمان آغا نے سیریز میں دو سری نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے39گیندوں پر51رنز چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے۔شاداب خان نے 28 رنز اسکور کیے۔ حسن نواز صفر، محمد حارث 11، عمیر یوسف اور عثمان خان 7،7 ، عبدالصمد 4 ، جہانداد خان ایک، حارث رؤف 6 جبکہ سفیان مقیم اور محمد علی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمی نیشم نے 5، جیکب ڈفی 2 جبکہ بین سیئرز اور اش سوڈھی نے ایک ایک وکٹ لی ۔ کیوی اوپنرز نے 93 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی ، فن ایلن 27 اور مارک چیپمین 3 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ جہاں داد کے ایک اوور میں تین چھکوں کی مدد سے26رنز بنے انہوں نے دو اوورز میں43 رنز دیے۔ تجربہ کار شاداب نے دو اوورز میں33رنز دیے۔ آخری میچ کیلئے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی تھیں، شاہین شاہ آفریدی، خوشدل شاہ اور ابرار احمد کو ڈراپ کرکے عمیر بن یوسف، سفیان مقیم اور عثمان خان کو موقع دیا گیا تھا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 29 مارچ سے ہوگا۔