کراچی(نیوز ڈیسک)امریکانےچین کی 80ہائی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اپنی ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرلیا ہے جن میں انسپور کی 6کمپنیاں شامل ہیں۔ برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق چین میں کلائوڈ کمپیوٹنگ کے سب سے بڑے گروپ انسپور اوربڑے ڈیٹا سروس فراہم کرنے والے انسپور گروپ کی 6کمپنیوں اور درجنوں دیگر چینی کاروباری اداروں کو اپنی برآمدی پابندی کی فہرست میں شامل کرلیا ہے ۔ امریکی محکمہ تجارت نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ انسپورکے یونٹس(کمپنیوں) کو چینی فوج کیلئے سپر کمپیوٹرز کی تیاری میں تعاونکرنےپر فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لُٹنِک نے کہا کہ ہم مخالفین کو اپنی افواج کو تقویت دینے اور امریکی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کیلئے امریکی ٹیکنالوجی کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔چین کی وزارت خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں امریکی اقدام کی مذمت کی اور کہا کہ وہ ان کا ملک چینی کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کریگا۔ انسپور کی پانچ ذیلی کمپنیاں چین اور ایک تائیوان میں موجود ہیں۔انسپور گروپ کو بھی 2023میں اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ پابندیوں کی فہرست میں آنیوالی 50سے زیادہ کمپنیاں چین میں موجود ہیں جبکہ دیگر تائیوان، ایران، پاکستان، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات میں ہیں۔