لندن ( جنگ نیوز) ایم کیو ایم انٹر نیشنل نےکہا ہے کہ کراچی میں تسلسل کے ساتھ روزانہ ڈمپرز، ٹینکرزاورٹرالر سے ہونے والے حادثات اور واقعات باعث تشویش ہیں ،کراچی میں کوئی دن ایسانہیں جاتاکہ کراچی کے کسی نہ کسی علاقے میں کوئی ڈمپر، کوئی واٹریاآئل ٹینکر موٹر سائیکل سواروں یا راہگیروں کونہ کچلتا ہو۔ دنیابھرمیں بڑے ٹرالرز کے لئے شاہراہوں پر الگ لائن ہوتی ہے اور وہ اپنی لائن میں چلتے ہیں لیکن کراچی میں ہیوی ڈمپرز، ٹینکرز اور ٹرالر چھوٹے چھوٹے راستوں، سڑکوں پر تیزرفتاری سے چل رہے ہیں،شہریوں کو کچل رہے ہیں۔ لیکن حکومت سندھ پران واقعات کوئی اثرنہیں ہورہاہے۔