اسلام آباد(رپورٹ:،رانامسعود حسین) پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ نے چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کے نام خط لکھ کران سے بعض حکومتی اداروں کے نامعلوم افراد اور ایف آئی اے کے اشتراک سے آئے روز پروفیشنل صحافیوں کو پیکا ایکٹ کے تحت سچےجھوٹے مقدمات میں پھنسا دینے کیخلاف ایکشن لینے کی استدعا کی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے وہ خط اٹارنی جنرل کو بھجواتے ہوئے حقائق کا جائزہ لینے اورصحافیوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایت کی ہے ، پریس ایسوسی ایشن کے صدر ذوالقرنین اقبال نے چیف جسٹس کے نام دو صفحات کے خط میں ایف آئی اے اور حکومت کے دیگراداروں کی جانب سے مختلف کارروائیوں بالخصوص کراچی میں سینئر صحافی فرحان گوہر ملک اوراسلام آباد میں وحید مراد کی گرفتاریوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے نوٹس لینے کی استدعا کی ہے ۔