میئر لندن صادق خان نے ایک نیا پولیسنگ اینڈ کرائم پلان جاری کیا ہے جس کا مقصد نیبرہڈ پولیسنگ کو بہتر بنانا ہے، اس منصوبے کے تحت اگلے چار سال میں مقامی علاقوں میں پولیس افسران کی تعداد بڑھائی جائے گی۔
علاقائی پولیسنگ میں اضافہ کے تحت زیادہ افسران گلیوں اور بازاروں میں نظر آئیں گے تاکہ عوامی تحفظ بہتر ہو، جرائم کی روک تھام کےلیے نہ صرف جرائم سے نمٹنے بلکہ ان کی جڑیں تلاش کرنا بھی ہدف ہوگا۔
اس پلان پر میٹروپولیٹن پولیس، حکومت، ٹرانسپورٹیشن فار لندن، لندن کونسلوں اور مقامی کمیونٹیز کے اشتراک سے کام کیا جائے گا۔
نئے پلان کی منظوری کےلیے 4 ہزار سے زیادہ شہریوں اور اداروں کی آراء شامل کی گئی ہیں، توقع کی گئی ہے کہ اس پلان سے لندن میں جرائم میں پہلے سے لائی گئی کمی کی کاوشوں کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ جرائم کے خلاف عوامی شراکت کو فروغ دے گا تاہم چاقو جرائم، چوریوں اور سائبر کرائم جیسے جرائم پر مزید توجہ مرکوز ہوگی۔