کراچی (رفیق مانگٹ ) با لی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان ایک بار پھر تنازع کی زد میں آگئے ہیں۔ آل انڈیا مسلم جماعت کے صدر مولانا شہاب الدین رضوی نے سلمان خان کے رام ایڈیشن واچ پہننے کو شرعی طور پر حرام قرار دے دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ سلمان خان کو ایسے غیر اسلامی اعمال سے گریز کرنا چاہیے اور توبہ کرنی چاہیے ۔ ۔ یہ گھڑی ، جو ایودھیا کے رام جنم بھومی مندر کی تشہیر کے لیے بنائی گئی ہے، سلمان نے اپنی نئی فلم سکندرکے پروموشن کے دوران پہنی تھی،سلمان کی یہ ایک کروڑ 11لاکھ روپے( 34 انڈین لاکھ روپے) کی نایاب واچ، جس میں رام جنم بھومی کے نقوش اور ہندو دیوتاؤں کے کتبے ہیں، ان کی والدہ سلمہ خان کی طرف سے تحفہ تھی۔ فلم سکندرعید پر ریلیز ہو رہی ہے ۔ مولانا رضوی نے کہا،مجھ سے سلمان خان کے عمل کے بارے میں شریعت کا حکم پوچھا گیا۔ میں واضح کرتا ہوں کہ رام مندر کی واچ پہننا اور اس کی تشہیر کرنا کسی مسلمان کے لیے ناجائز اور حرام ہے۔